لاہور : لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر نے جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر کے دم لیں گے اور آپریشن ضرب عضب کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان سمیت تمام ہمسایوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن ملکی وقار اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان میں 10 ہزار سے زائد انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کئے جس میں دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
عشائیہ میں آرچ بشپ آف کنٹر بری کے علاوہ لارڈ نذیر، ایم پی خالد محمود اور جیرالڈ کاف مین سمیت متعدد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دارالعوام کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو پراکسی وار کیلئے اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔