وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے سے علیحدہ نہیں ہوسکتا،دنیا عالمی امن کے لیے پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار،وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سیکریٹری خارجہ ،ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشن،اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی فورسزکی جانب سےطاقت کےبہیمانہ استعمال کی مذمت کی گئی جبکہ اتفاق کیا گیا کہ مسلح افواج اور پوری قوم ملک کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ پاکستان پرامن جنوبی ایشیا کے لیے کوشش جاری رکھے گا، دنیانےدیکھ لیاہےکہ پاکستان نےعالمی امن کےلیےعظیم قربانیاں دیں،پاکستان نےبڑی اشتعال انگیزی کےباوجود بے مثال تحمل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری حق خودارادیت کیلیے پوری دنیا کی حمایت کے مستحق ہیں، سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت نے مل کر کیا، جسے عالمی بینک نے کروایا،بھارت اس معاہدے سے یکطرفہ طور پر الگ نہیں ہوسکتا۔