لاہور: مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں امن چاہتا ہے ۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں۔ آئندہ بھی بھارت کو اینٹ کاجواب پتھر سے دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں آج ملاقات کا دن ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں امن چاہتا ہے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں اختلافات بھلا کر پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔ ہم نے ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ایٹمی طاقت کے باعث بھارت کی پاکستان پر حملے کی ہمت نہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا کو جان لینا چاہئے۔ پاک بھارت تنازع خطے اور دنیا کو غیر مستحکم کرے گا۔ فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ پاک بھارت تنازع سے دنیا مزید تقسیم ہوگی۔ انتہا پسندی نئی بلندیوں پر پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تنازع جاری رہا تو جیت انتہا پسندی کی ہوگی۔ دنیا سے کہتے ہیں آئیں مل بیٹھ کر کشیدگی کا خاتمہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاک بھارت موجودہ صورت حال پر ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پاکستان بھارت کشیدگی خطے کے بعد دنیا بھر پر اثر انداز ہوسکتی ہے اور جنگ کی صورت میں دنیا مزید حصوں میں تقسیم ہوگی۔ جس سے شدت پسندی پروان چڑھے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کی صورت میں خطے اور دنیا کی ہار ہوگی۔ دنیا سے کہتے ہیں آئیں مل بیٹھ کر کشیدگی کا خاتمہ کریں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ امن، سرحدی حفاظت کے لیے ہم نے اپنے ارادے، صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم تاریخ کے دوراہے پر کھڑے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی قیادت کو فیصلہ کرنا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ قوم کوامن و خوشحالی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں یا تنازع کی طرف یہ فیصلہ کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر خزانہ پاکستان امن اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ امن، سرحدی حفاظت کے لیے ہم نے اپنے ارادے، صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 طیارے مار گرائے تھے جبکہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا۔ ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت کے طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر پاکستانی طیاروں نے بروقت ردعمل دیا تو بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ لائن آف کنٹرول کے علاقے جبہ میں گراتے ہوئے فرار ہوگئے تھے۔