بھارت میں سونے سے لدے اور سونے کی قمیض پہننے والے شخص کو قتل کر دیا گیا۔
نئی دلی: (یس اُردو) برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 48 سالہ دتہ پھوگے نامی شخص دنیا کی سب سے مہنگی قمیضوں میں سے ایک سونے کی قمیض زیب تن کرتا تھا اور خود کوسونے سے لاد کر رکھتا تھا، دتہ پھوگے نے اس وقت شہرت حاصل کی جب اس نے 3 کلو وزنی سونے کی قمیض پہنی جس کی مالیت تقریباً ڈھائی لاکھ ڈالر تھی۔بھارت میں دتہ پھوگے کو سونے کے آدمی کے نام سے پکارا جاتا تھا اور اسے گزشتہ روز چند افراد نے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دتہ پھوگے اور اس کے بیٹے کو کسی کی سالگرہ میں شرکت کی دعوت دی تھی جہاں اسے پتھروں اور تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دتہ پھوگے کے قتل کے شبے میں 4 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے اور شبہ ہے کہ اسے کسی ذاتی جھگڑے کی بنا پر قتل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ دتہ کے بیٹے نے اپنے والد کو قتل ہوتے ہوئے دیکھا لیکن اس کے باوجود قاتلوں نے اسے زندہ چھوڑ دیا۔