بحرین: پاکستان سے دشمنی میں بھارت حدیں پار کرگیا، کرکٹ بورڈ اب چھوٹے میچز میں بھی اپنے کھلاڑیوں کو مقابلے سے روکنے لگا۔
بحرین میں گزشتہ دنوں ایک فیسٹیول کرکٹ میچ کا انعقاد ہوا، اس کیلیے 2 ٹیمیں مصباح ایگلز اور عرفان فالکنز کے نام سے بنائی گئیں، مقابلے سے ایک روز قبل پریس کانفرنس میں پاکستانی مصباح الحق، سہیل تنویر، عبدالرزاق اور عمران نذیر کے ساتھ بھارت کے عرفان پٹھان بھی موجود تھے، مگر حیران کن طور پر میچ کے دن بھارتی کرکٹ بورڈ نے بغیر کوئی وجہ بتائے عرفان کا این او سی منسوخ کر دیا یوں وہ ایکشن میں دکھائی نہ دے سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ بی سی سی آئی نہیں چاہتا تھا کہ عرفان کے پاکستانی پلیئرز کے ساتھ کھیلنے سے کوئی تنازع کھڑا ہو اس لیے انھیں روک دیا، بعد میں بحرین ایگلز اور بحرین فالکنز کے ناموں سے ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں، نیشنل اسٹیڈیم بحرین میں ٹوئنٹی 20 فیسٹیول میچ میں مصباح کی زیرقیادت ایگلز نے 69 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
فاتح الیون نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 244 کا مجموعہ پایا، مصباح الحق نے 38 گیندوں پر 121 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی،ان کی اننگز میں 10 چھکے شامل رہے، آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی 49 گیندوں پر 79 رنز بنانے میں کامیاب رہے، انھوں نے 5 چھکے جڑے، ناکام ٹیم جوابی اننگز میں 4 وکٹ پر 175رنز تک محدود رہی، مارلون سموئلز نے 33 گیندوں پر 72 کی اننگز کھیل کر شائقین کو محظوظ کیا، انھوں نے6 بارگیند کو باؤنڈری لائن کے اوپر سے باہر پہنچایا۔ رانا نوید الحسن اورسہیل تنویر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ مصباح نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی زور آزمایا اور7رنز کے عوض ایک شکار کیا۔