نئی دہلی ……بھارت میں ایک کھرب 55 ارب روپے کے فنڈ سے اسٹارٹ اپ انڈیا اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے،جس کا مقصد صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دلی میں ” اسٹارٹ اپ انڈیا” کی تقریب سے خطاب میں بتایا کہ نیا کاروبار شروع کرنے والوں سے 3 سال تک کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا،نئے کاروبار کو کیپیٹل گین ٹیکس سے بھی استثنا دیا گیا ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بھارت میں کاروبار کے فروغ کیلیے ایک کھرب 55 ارب روپے کے فنڈ کا اعلان کیا ہے،اسٹارٹ اپ انڈیا اسکیم کا مقصد صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینا ہے،جس کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضے دیے جائینگے، جس کے لیے سالانہ 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ سوچتے تھے کہ ایک چائے والابھی ہوٹل چین کیوں نہیں شروع کرسکتا، اس مقصد کیلئے انہوں نے یہ اسکیم شروع کی ہے تاکہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کرکے ملکی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔