گووا : اداکارہ اور فلم پروڈیوسر نندیتا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اس وقت آزادی اظہار رائے کو جس قدر خطرات لاحق ہیں، اس سے قبل نہیں تھے۔
اس کا مقابلہ کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ نڈر ہو کر اپنی رائے کا اظہار کریں اور جتنی آوازیں اٹھیں گی ، مخالفت کرنے والوں کی آوازیں اتنی ہی دب جائیں گی ۔ اداکارہ نے کہا ہے کہ میرے بہت سے خیر خواہ مجھے اس طرح کا بیان دینے سے روکتے ہیں ، کہ اس طرح کہنے سے میری جان کو خطرہ ہو سکتا ہے ، لیکن میں اپنی بات کرنے سے قطعی نہیں ڈرتی۔
عدم برداشت کا مظاہرہ کرنے والے چند لوگ پورے ملک کی نمائندگی نہیں کرتے ۔ شاہ رخ خان ، عامر خان وغیرہ عدم برداشت کے بارے میں بیان دینے پر آج کل انتہا پسندوں کے غیظ غضب کا شکار ہیں ، جب کہ نندیتا داس نے ان کا نام لئے بغیر ان کے موقف کی تائید کی ہے۔
نندیتا داس کوماضی میں بھی بولڈ فلمیں بنانے کی پاداش میں کافی تنقید کا سامنا ہو چکا ہے ، اور اس طرح کی مخالفت ان کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ تا ہم کہتی ہیں کہ اس طرح کے حالات سے وہ خاصی پریشان ہیں۔