اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر بھارتی فوج کے تشدد کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر بھارتی فوج کے تشدد پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کی ہے۔
کشمیریوں کے پاکستان کے حق میں نعرے والہانہ جذبات کا اظہار ہیں، کشمیریوں کی تحریک آزادی کو تشدد سے نہیں دبایا جاسکتا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظالمانہ تشدد افسوسناک ہے جب کہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حریت رہنماؤں سید علی گیلانی اور مسرت عالم کی قیادت میں سری نگر میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی تھی جس میں کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے جب کہ اس دوران وادی بھارت مخالف نعروں سےبھی گونج اٹھی۔
سری نگر میں پاکستان کے حق میں نعرے اور لہراتا ہوا سبز ہلالی پرچم مودی سرکار پر غضب ڈھا گیا جس کے بعد بھارتی فورسز نے سید علی گیلانی اور مسرت عالم کو گھروں میں نظر بند کردیا جب کہ آج مسرت عالم کی گرفتاری کے خلاف میرواعظ عمر فاروق کی قیادت میں نکالی جانےوالی ریلی پر قابض بھارتی فوج نے بندوقوں کے منہ کھول دیئے جس کے نتیجے میں 14 نہتے کشمیری زخمی ہوگئے۔