کراچی…….بھارت نے اپنے قومی پرندے مور کو نقصان دہ پرندہ قرار دینے کی تجویز پرغور شروع کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بھارتی ریاست گووا نے قومی پرندے مور کو نقصان دہ پرندےکے زمرے میں رکھنے کی تجویز دی ہے۔ گووا کے وزیر زراعت رمیش تواڈ ر نے کہا ہے کہ مور فصلوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور انہیں کم کیا جانا چاہیے۔اس منصوبے کے تحت بندر، جنگلی سور اور گووا کے ریاستی جانور جنگلی بائسن بھی کم کیے جائیں گے۔مور فی الحال بھارت کے جنگلی حیات کے تحفظ کے قانون 1972 کے تحت محفوظ پرندوں میں شامل ہے۔گذشتہ ماہ گووا کی حکومت نے ناریل کو درختوں کے زمرے سے ہٹا کر تنازع کھڑا کر دیا تھا، جسے پہلے محفوظ درخت کا درجہ حاصل تھا۔ایسا اس لیے کیا گیا تھا کیونکہ ناریل کے درخت کی شاخیں نہیں ہوتیں۔