اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہید نائیک امتیاز کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کر دی گئی جبکہ حوالدار جمعہ خان کی نماز جنازہ آج دوپہر کو استور میں ادا کی جائے گی ۔بھارتی فوج کیخلاف دو بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے ۔ بھمبر سیکٹر میں جام شہادت نوش کرنے والے محمد امتیاز کا تعلق فیصل آباد ہجویری ٹاؤن سے تھا جس کی نماز جنازہ گورنمنٹ اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی ۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔
شہید امتیاز کے والد کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ۔آج بیٹے نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا بہادر بیٹا تھا۔بھارت جان لے کہ ایسے ہزاروں بیٹے پاکستان پر پر قربان کر سکتا ہوں ۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ شہید نے ان کا سر فخر سے بلند کر دیا ، شہید محمد امتیاز 8 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، شہید نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹیوں کو چھوڑا ہے ۔دوسرے شہید حوالدار جمعہ خان کا تعلق استور کے نواحی گاوں فقیر کوٹ سے تھا ۔ نماز جنازہ آج پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی ۔ شہید نے سوگواران میں بیوہ ، بیٹا اور دو بیٹاں چھوڑی ہیں