بھارت میں اقلیتوں کے بعد اب میڈیا نشانے پر ہے، مودی سرکار نے پٹھان کوٹ حملے کی کوریج پر ایک نجی چینل کی نشریات 24 گھنٹے کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا ۔
بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کی ایک کمیٹی نے 2 جنوری کو ہونے والے پٹھان کوٹ حملے کی کوریج کا جائزہ لینے کے بعد نیٹ ورک کے ہندی چینل پر ایک دن کی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ چینل نے حملے کے دوران ہوائی اڈے سے متعلق انتہائی اہم عسکری معلومات نشر کیں، جن سے حملہ آوروں کو مدد مل سکتی تھی،فیصلے کے تحت چینل کی نشریات 9 نومبر کو24 گھنٹے کےلیے بند رہیں گی،بھارتی چینل نے فیصلے کو انتہائی اذیت ناک قراردیا ہے۔
چینل نے ایک بیان میں الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی کوریج متوازن تھیں، چینل پر وہی معلومات نشر کی گئی تھیں جو دوسرے چینل اور اخبارت بتارہے تھے۔ تمام معلومات پہلے سے موجود تھیں ۔
بھارت کے مدیروں کی ایسوسی ایشن ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے چینل پر پاپندی کے فیصلے کی مذمت کی ہے اور بھارتی حکومت سے پابندی واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایڈیٹرز گلڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نشریات پر پابندی لگانا میڈیا کی آزادی اور اس کے ذریعے عوام کی آزادی کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔
ایڈیٹرز گلڈ نے مزید کہا کہ لگتا ہے مودی حکومت نےمیڈیا کے کام میں دخل دینے اور ان سے اتفاق نہ کرنے پر انہیں سزائیں دینے کا اختیارحاصل کر لیا ہے۔