نئی دہلی…بھارت کی جانب سے ویزے کی میعاد نہ بڑھانے پرپی آئی اے کے اسٹیشن منیجرزمشکل میں گرفتارہوگئے۔ پاکستان نے خبردارکیا ہے کہ بھارت کے اس عمل سے دونوں ملکوں کے عوام کے عوام سے رابطے متاثرہوسکتے ہیں۔
نیوزنیٹ ورک ٹی این این کی رپورٹ کے مطابق دلی اورممبئی میں پی آئی اے کے اسٹیشن منیجرزسعید احمد خان اورشبیراحمد کے ویزوں کی مدت جنوری کے پہلے ہفتے میں ختم ہوگئی تھی۔بھارتی متعلقہ حکام کی جانب سے ان کے ویزوں کی میعاد بڑھانے سے انکارکردیاگیا ہے جس کی وجہ سے پی آئی اے کے پاکستانی آفیسرمشکل صورت حال سے دوچارہوگئے ہیں۔پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پی آئی اے کے سینئرافسران کے ویزوں کی میعاد نہ بڑھانے سے دونوں ملکوں کے لوگوں کے آپس کے رابطے متاثرہوسکتے ہیں۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان براہ راست رابطے کا واحد فضائی ذریعہ پی آئی اے ہے۔پاکستان نے بھارت کی وزارت خارجہ سے شکایت کی ہے کہ پی آئی اے کے دونوں افسران کے فون منقطع ہیں اورجنوری کے پہلے ہفتے سے ان کی فیملیاں گھروں تک محدود ہیں ۔پاکستانی حکام نے بھارتی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ سعید احمدخان کی انسانی بنیادوں پرمدد کریں جو ویزے کی میعاد بڑھائے بغیراپنے بیماربیٹے سے ملنے پاکستان نہیں آسکتے۔