اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے پر امن تعلقات چاہتا ہے تاہم امن کی خواہش یک طرفہ نہیں ہوسکتی جب کہ بھارتی قیادت کے بیانات سے مفاہمت کی فضا خراب ہوئی۔
اسلام آباد میں سفیروں کی کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ سفارت کاری اہداف کےحصول کا بہترین ذریعہ ہے اور پاکستان سفارت کاری سے ہی تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتا ہے جب کہ ہم مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے امن کی خواہش یک طرفہ نہیں ہوسکتی جب کہ بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں جس سے مفاہمت کی فضا خراب ہوئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر امن دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے جب کہ افغان قیادت سے ان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتے ہیں، پاکستان تحمل کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں گیم چینچر ثابت ہوگا، پاکستان کی معاشی صورتحال بہترہورہی ہے جس کا ثبوت افرادزر میں کمی اورزرمبادلہ کے ذخائز میں اضافہ ہونا ہے تاہم ابھی بہت اہداف حاصل کرنا باقی ہیں۔