سشما سوراج دو روزہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئیں ہیں۔ کہتی ہیں خواہش ہے دونوں ملکوں کے باہمی رشتے اور اچھے ہوں۔
اسلام آباد: (یس اُردو): بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے خصوصی طیارے نے شام چار بجے دلی ائر پورٹ سے اسلام آباد کے لئے اڑان بھری۔ دفتر خارجہ کے دیگر اعلی حکام بھی ششما سوراج کے ساتھ تھے۔ ڈیڑھ گھنٹے کے سفر کے بعد ششما سوراج کے طیارے نے اسلام آباد میں لینڈ کیا۔ ان کا خصوصی طیارہ نور خان ائر بیس پر اترا۔ حکومت پاکستان کے اہم نمائندوں نے ششما سوراج کا استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا بھارت سے پیغام لیکر آئی ہوں کہ رشتے اچھے اور آگے بڑھنے چاہیں۔ دونوں ملکوں کے آپسی رشتے سدھارنے اور آگے بڑھنے کے بارے میں بات ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئی ہوں کیونکہ میرے لیے لازم تھا کہ افغانستان کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کرتی۔ ششما سوراج اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کریں گی اور بدھ کو وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گی۔ سرتاج عزیز اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے بھی ملاقات کریں گی۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ امور سمیت کرکٹ سیریز کی بحالی سے متعلق امور پر بھی بات ہو گی۔ بھارتی وزیر خارجہ بدھ کی شام کو وطن واپس روانہ ہو جائیں گی۔