اسلام آباد: بھارت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 6 پاکستانی قیدی رہا کردیئے۔ پاکستانی ویزہ کی مدت ختم ہونے کے باعث بھارتی جیل میں قید تھے۔ رہائی پانے والے تین مرد‘ دو خواتین اور ایک بچی شامل ‘ تعلق کراچی سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے چھ پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا۔ پاکستانی ویزہ کی مدت ختم ہونے کے باعث بھارتی جیل میں قید تھے۔ رہائی پانے والوں میں تین مرد دو خواتین اور ایک بچی شامل ہے۔ کراچی کا خاندان اپنے عزیز و اقارب سے ملنے بھارت گیا تھا، ویزہ کی مدت ختم ہونےپر بھارتی سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ بھارتی فورسز نے ان تمام افراد کو پاکستان رینجرز کے حوالے کیا۔ ضروری کارروائی کے بعد رینجرز نے انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی۔ رہائی پانے والوں میں نواب خان‘ شاہ جہان‘ عامر ‘ عذرا بی بی‘ عشرت بی بی اور ننھی بچی شائستہ شامل ہیں۔ تمام افراد کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا گیا ہے۔دوسری جانب ایک خبر یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو تصفیہ طلب مسائل پر مذاکرات کی پیش کش کر دی۔وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر منصب سنھبالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم پاکستان نے خط میں لکھا کہ پاکستان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل چاہتا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ مذاکرات سے ہی دونوں ممالک کے عوام کو غربت اور افلاس سے نکالا جا سکتا ہے اور خطے میں ترقی کے لیے ایک ساتھ کام کرنا ضروری ہے۔وزیراعظم عمران خان نے خط میں لکھا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، آگے بڑھنے کے لئے امن و استحکام ضروری ہے اور امن و استحکام سے ہی خطے میں ترقی آ سکتی ہے۔خیال رہے کہ نریندر مودی نے گزشتہ ماہ کی 30 تاریخ کو دوسری مدت کے لیے بھارت کے وزیراعظم کا منصب سنبھالا ہے۔