نئی دہلی: پاک فضائیہ کی کارروائی کے بعد بھارت نے بھارتی فضائیہ کے سینئیر ترین افسر کو برطرف کر دیا۔ائیر مارشل سی ہری کُمار کو بھارتی فضائیہ کے ناکام آپریشن پر برطرف کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے گرائے جانے اور بھارتی فضائیہ کی ناکام حکمت عملی پر بھارت نے فضائیہ کے سینئیر افسر کو برطرف کردیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کی ناکام کارروائی، پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیاروں کی تباہی اور بھارتی پائلٹ کی گرفتاری پر ائیر مارشل سی ہری کُمار کو عہدے سے برطرف کر کے ان کی جگہ ایسٹرن ائیر کمانڈ چیف ائیر مارشل رگوناتھ نمبیار کو بھارتی فضائیہ کے ویسٹرن ائیر کمانڈ کا نیا چیف مقرر کر دیا گیا ہے۔ ہر کُمار کو جنوری 2017 میں بھارتی فضائیہ کے ویسٹرن ائیر کمانڈ کا نیا چیف مقرر کیا گیا تھا۔ بھارتی حکام کا یہ فیصلہ بھارتی طیاروں کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پاک فضائیہ کی سرپرائز کارروائی اور اس کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے دو طیارے تباہ ہونے پر کیا گیا۔ بھارتی حکام نے بھارتی فضائیہ کی ناکام حکمت عملی اور پاکستان میں بھارتی پائلٹ کی گرفتاری پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا۔ بھارتی فضائیہ کے ویسٹرن ائیر کمانڈ کا ہیڈ کوارٹر دہلی میں موجود ہے جو بھارتی فضائیہ کی تقریباً چالیس فیصد ائیربیسز کو کور کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر بدھ کی صبح پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو پاک فوج نے مار گرایا تھا۔ بھارت کے طیارے تباہ ہونے کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا جس کے بعد بھارت تلملا اُٹھا۔ پاک فضائیہ کی جاندار کارروائی میں تباہ ہونے والے بھارتی فضائیہ کے طیارے ایم آئی جی 21 تھے جو دراصل ایک سنگل انجن فلائنگ جیٹ ہے۔ ایم آئی جی 21 کی قیمت جب 1959 میں اسے بنایا گیا تھا تب 2.9 ملین ڈالرز تھی جبکہ اب اس کی قیمت ڈھائی کروڑ ڈالرز عبور کر چکی ہے۔