دبئی : پاک بھارت سیریز کے ثالث جائلز کلارک نے پی سی بی اور بی سی سی آئی حکام کو 4 دن کا وقت دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر آگاہ کریں۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت سیریز کے لئے سری لنکا کو واحد میزبان قرار دیا گیا ہے۔
نئے میزبان سری لنکا کے حصہ مانگنے سمیت 3 شرائط بھی سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 3 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی میچوں کی سیریز آئندہ ماہ کے وسط سے شروع ہوگی۔
دوسری جانب پی سی بی چئیرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ بی سی سی آئی صدر ششانک منوہر سے ہونے والی مفید ملاقات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے جبکہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت سیریز پر دونوں بورڈ متفق ہیں اور حکومتوں سے اجازت ملنے کے بعد سیریز کا اعلان ستائیس نومبر کو کر دیا جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چئیرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ ان کی دبئی میں بھارتی ہم منصب ششانک منوہر سے ملاقات مفید رہی۔ تفصیلات بتانے سے انکار کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ سیریز پر دونوں بورڈز کو حکومتوں سے اجازت درکار ہے۔
ذرائع کے مطابق شہریار خان وزیراعظم سے مشاورت کے بعد دوبارہ دبئی روانہ جائیں گے۔ ادھر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ثالت کا کردار ادا کرنے والے جائلز کلارک پاک بھارت سیریز کا اعلان ستائیس نومبر کو کریں گے اور تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی پر مشتمل پاک بھارت سیریز سری لنکا کے شہروں کولمبو اور پالی کیلے میں کھیلی جائے گی۔