بھارت: ایک طرف جہاں پاکستان بار بار بھارت کی طرف امن اور دوستی کا ہاتھ بڑھا رہا ہے وہیں دوسری جانب بھارت پر جنگی جنون سوار ہے جو کسی طور بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ بھارت کے جنگی جنون کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت نے سرحد کے ساتھ 14 ہزار بنکرز تعمیر کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس بات کا دعویٰ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی ایک رپورٹ میں کیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق بھارت گذشتہ آٹھ ماہ سے جنگ کی تیاریوں میں مصروف ہے، جس کے تحت پاکستان کی سرحد کے ساتھ 14ہزار بنکر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
غیرملکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بنکرز کی تصاویر بھی شائع کیں اور بتایا ہے کہ ان منصوبے پر 45 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ بھارت نے بنکرز تعمیر کرنے کا کام گذشتہ برس جون میں ہی شروع کر دیا تھا۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اب تک اسٹیل اور کنکریٹ کے استعمال سے ہزاروں بنکرز بن چکے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں کام جاری ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں ایسے کسی منصوبے پر کام نہیں ہو رہا، تاہم آئے روز بھارت سے بلا اشتعال فائرنگ کے باعث پاکستان کی سرحدی حدود میں بسنے والے شہریوں نے کئی محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں۔ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کر کے عالمی پذیرائی تو حاصل کر لی لیکن بھارت کو جنگی اور سفارتی محاذ پر اپنی شکست کسی طور ہضم نہیں ہو رہی یہی وجہ ہے کہ مودی سرکار میں جنگ کا جنون اب مزید بڑھ گیا ہے جس کے تحت پاکستان کی جانب سے بار بار امن کی بات کرنے اور دوستی کا ہاتھ بڑھائے جانے کے باوجود بھارت مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ جبکہ انتخابات کے پیش نظر مودی حکومت بھی اس معاملے سے بھرپور فائدہ اُٹھا کر خوب سیاسی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔