ڈیلاس : الطاف حسین کہتے ہیں کہ بھارت خود ڈرپوک ہے۔ غیرت ہوتی تو پاکستان کی سر زمین پر مہاجروں کا خون نہیں ہونے دیتا۔ وزارت داخلہ نے جن تنظیموں پر پابندی لگائی وہ آج بھی ملک میں سرگرم ہیں۔
کارکنان اقوام متحدہ، وائٹ ہاؤس اور نیٹو سے کراچی میں فوج بھیجنے کا مطالبہ کریں۔ امریکا کے شہر ڈیلاس میں سالانہ کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کے لیے سب سے بڑاخطرہ دہشت گردی ہے۔
وزارت داخلہ نے جن تنظیموں پر پابندی لگائی وہ آج بھی سرگرم ہیں۔ انھوں نے مہاجر صوبہ بنا نے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت خود بزدل اور ڈرپوک ملک ہے۔ اگر ان میں ذرا سی بھی غیرت ہوتی تو پاکستان کی سرزمین پر مہاجروں کا خون نہیں ہونے دیتے۔
الطاف حسین نے کارکنوں کو ہدایت کہ امریکی اخباروں کو خط لکھیں اور پاکستان کی اصل صورتحال سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اقوام متحدہ، وائٹ ہاؤس اور نیٹو کے سامنے احتجاج کریں اور کراچی میں فوج بھیجنے کا مطالبہ کریں۔
الطاف حسین نے کہا کہ ان پر منی لانڈرنگ کا الزام غلط ہے ۔یہاں ہمارے اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں، بہت مشکل میں گزارا ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان کی تقریر پر پابندی لگا دی گئی ہے لیکن آڈیوکیسٹ کے ذریعے ان کی تقریر ساتھیوں تک پہنچائی جائے اور اگر وہ مارے جائیں تو کارکنان تحریک جاری رکھیں اور ماؤں، بیٹیوں اور بہنوں کو عزت کی زندگی دلائیں۔