لاہور :بھارت نے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کے بعد آبی دہشت گردی بھی شروع کردی، آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک لیا، ہیڈمرالہ پرپانی کی آمد اٹھارہ ہزارآٹھ سو رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سی پیک منصوبے پر خوفزدہ بھارت پاکستان مخالف سازشوں سے باز نہ آیا زمینی جارحیت کے بعد بھارت آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے اور بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک لیا۔ ہیڈمرالہ سے نکلنے والی راوی لنک کینال کی کئی روز سے بندش کے باعث سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کوپانی کی قلت کا سامنا ہے، ہیڈمرالہ سے نکلنے والی اپرچناب کینال کو چودہ ہزار آٹھ سو ساٹھ کیوسک پانی دیا جارہا ہے۔
کمی جاری رہی تو اپرچناب کینال کوپانی کی فراہمی بند ہونے کا خدشہ ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کا پانی روکے جانے پر بھارت کے خلاف حکومت کو عالمی سطح پر اس مسئلہ کو اجاگر کرنا چاہیئے۔ خیال رہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت روزانہ پچاس ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے تھے، مذاکرات میں بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی ، پاکستان نے کشن گنگاڈیم اور ہائیڈروپلانٹ پر اعتراضات کئے، جسے بھارت نے مسترد کردیا، جس کے بعد کشن گنگا اور رتلے ہائیڈروالیکٹرک پلانٹ کی تعمیر پر پاکستان کے تحفظات برقرار ہیں۔ واضح رہے بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کے لئے دریائے سندھ پرنئی نہریں بنانے کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا ، بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کا پانی بڑی مقدار میں ذخیرہ کرنے کے لئے مغربی دریاؤں پر نہریں بنائی جائیں گی۔