واشنگٹن……امریکا نے کہا ہے کہ بھارتی ایئربیس پر حملہ خطے کا مشترکہ چیلنج ہے، جس سے تمام ممالک کو مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بھارتی ایئربیس پردہشت گرد حملہ قابل مذمت ہے، دہشت گردوں سے نمٹنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں جان کربی نے کہا کہ بھارتی ایئربیس پر حملے کی پاکستان نے مذمت کی ہے، پاکستان واضح کر چکا ہے کہ وہ تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گا، امید ہے پاکستان اپنےعزم کےمطابق دہشتگردوں سے نمٹےگا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کیے جائیں، دہشتگردوں کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے،جان کربی نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کاشکار ہے، اس جنگ میں ہزاروں پاکستان فوجی اور معصول سویلین جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پاکستانی حکومت اورعوام دہشت گردی کے خطرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف تعاون، رابط اور معلومات کا تبادلہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔