آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے سرجیکل اسٹرائیک کا ڈراما رچایا، پاک فوج اور قبائل نے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کردیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وہ 29 نومبر کو اختیارات سونپ دیں گے۔
خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں قبائلی جرگہ عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور قبائل نے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کردیا ہے، دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی پاک آرمی دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان بھارتی فوج کوسبق سکھا سکتے ہیں، بھارتی فوج نے سرجیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ رچایا، بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو ایسا جواب دینگے کہ بھارتی نصاب میں پاک فوج کے قصے پڑھائے جائیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ وہ 29نومبر کو اختیارات سونپ دیں گے، ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی شہداء کے لواحقین کےلئے وقف کرتا ہوں۔
آرمی چیف نے قومی کرکٹر شاہد آفریدی کے ہمراہ خیبر اسٹیڈیم کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے ساتھ خیبراسٹیڈیم کا افتتاح کرنا اعزاز کی بات ہے۔
شاہد آفریدی نے جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے قومی ہیرو ہیں، میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں، آپ نے جو پاکستان کیلئے کیا اس پر وہ شکر گزار ہیں۔