بھارت میں ایک تاجر نے پہلے اپنی بیٹی کی دھوم دھام سے شادی کرنے کا اعلان کیا لیکن بعد میں اسی رقم سے 90 بے گھر افراد کو مکانات تعمیر کرکے تحفے میں دیدیئے۔
بھارتی تاجر اجے منوٹ اپنی بیٹی کے بیاہ پر 70 سے 80 لاکھ روپے خرچ کرنا چاہتا تھا لیکن ایک مقامی سیاستدان کے مشورے پر اس نے تمام رقم سے بے گھر لوگوں کو سرچھپانے کے لیے جگہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپڑے اور اناج کے تاجر نے مہمانوں کے لیے ہوٹل کی بکنگ منسوخ کرادی اور تمام تقریبات کو سادگی سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور کچی آبادیوں میں رہنے والےے90 خاندانوں کو گھروں کا مالک بنادیا۔بھارتی تاجر 108 مکانات دینا چاہتا تھا لیکن شادی والے روز صرف 90 مکانات ہی مکمل ہوسکے اور یوں اس کی چابیاں مالکان کے حوالے کی گئیں۔ لیکن اس کے لیے سخت معیار رکھا گیا تھا جس کے تحت مالک کا غریب ہونا ضروری تھا اور دوسری شرط کچی اور غریب آبادی میں رہائش تھی جب کہ ضروری تھا کہ وہ شراب، نشہ اور جوے کی لت سے بھی دور ہو۔ اس معیار پر اترنے والے لوگوں کو صاف پانی، بجلی اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ بھارتی تاجر کی جانب سے دیئے گئے ہر مکان کا رقبہ قریباً 240 فٹ ہے۔