چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست کے بعد بھارتی شائقین کا غم و غصہ ابھی کم نہیں ہوا اور لگتا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم بھی سخت شرمندہ ہے،اس صورت حال میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ انیل کمبلے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے دوران ہی ایسی خبریں مل رہی تھیں کہ کپتان ویرات کوہلی اور کوچ انیل کمبلے کے تعلقات کچھ اچھے نہیں تھے۔
ان اختلافات کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ پریشان تھا اور معاملات سلجھانے کے لیے ایک عہدے دار بھی نئی دہلی سے انگلینڈ پہنچا تھا۔اُن کے عہدے کی میعاد آج ختم ہوگئی، امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ 23 جون سے شروع ہونیوالے دورہ ٔویسٹ انڈیز پر ٹیم کے ہمراہ جائیں گے، لیکن پے درپے واقعات نے انیل کمبلے کو مجبور کردیا کہ وہ ٹیم کے ساتھ مزید نہ ہی رہیں تو بہتر ہوگا ۔ایک بہانہ یہ بھی بنا یا گیا کہ انیل کمبلے 22 جون سے شروع ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جس کی وجہ سے وہ ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز نہیں جاسکیں گے۔بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد انیل کمبلے کو بہانہ مل گیا اور وہ خود ہی ٹیم چھوڑ گئے۔