دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششیں رنگ لے آئیں،پانچ سالہ افتخار آج بھارت سے واہگہ بارڈ پہنچے گا جہاں بچے کو پاکستانی والدہ کے حوالے کیا جائے گا۔گزشتہ برس بچے کو اس کا باپ بھارت لے گیا تھا۔
مارچ 2016 میں پانچ سالہ افتخار کو اس کا باپ اپنے ساتھ بھارت لے گیا،پاکستانی والدہ نے بچے کی حوالگی کے لیے بھارتی عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ بھارتی عدالت نے مئی 2016 کو بچے کو پاکستانی ثابت ہونے پر سرحد پار پاکستانی ماں کے حوالے کرنے کا فیصلہ سنایا لیکن بھارتی حکام کی سُست روی کے باعث فیصلے پہ عمل درآمد کو مزید آٹھ ماہ لگا دئیے۔ جس کے بعد اس کیس پر پیش رفت ہوئی اور بالآخر جیو نیوز کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔گیارہ ماہ سے اپنے بیٹے کے لیے ترپنے والی پاکستانی ماں کا انتظار آج ختم ہو گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ ہم سرخرو ہو گئے ہیں، بچے کو جموں سے امرتسر لا رہے ہیں۔ آج شام کو امرتسر اٹاری واہگہ پر پاکستانی ہائی کمیشن بچے کو ماں کے حوالے کریں گے۔