ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی عدالت نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے خلاف سماجی کارکن پر تشدد اور اسے دھمکیوں کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے والی سماجی تنظیم اکھیل بھارتیہ بھرشٹاچار نرمولن سمیتی کے رکن رویندر دویویدی کی جانب سے ممبئی کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ سلمان خان اور ان کے باڈی گارڈ نے گزشتہ برس 4 نومبر کو ایئرپورٹ پر انہیں دھمکیاں دیں۔
جس کے بعد دلی جانے والی پرواز میں بھی سلمان خان نے انہیں برا بھلا کہا جب کہ ان کے گارڈ نے اس پر حملہ کرکے کئی اہم دستاویزات چھین لئے۔ رویندر دویوی کا کہنا تھا کہ اس نے واقعے کی شکایت متعلقہ پولیس اسٹیشن کی لیکن ان کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد ممبئی ایئرپورٹ پولیس کو سلمان خان اور ان کے باڈی گارڈ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ سلمان خان پر پہلے سے ہی دو مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جن میں انہیں 15 برس تک کی سزا ہوسکتی ہے۔