اسلام آباد(یس نیوز ڈیسک
) بھارت کے کئی ٹیسٹ پلیئرزکو ’کلہاڑی‘ چلنے کا خوف ستانے لگا، آؤٹ آف فارم روہت شرما نے بچاؤ کے لیے ویرات کوہلی سے امیدیں باندھ لیں، چتیشورپجارا کو دلیپ ٹرافی کی پرفارمنس سے سہارا ملنے کی توقع ہے، رویندرا جڈیجا کی بھی انجانے خدشات سے دھڑکنیں تیزہونے لگیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کیلیے بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان پیر کے روز ہوگا، حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران مایوس کرنے والے کھلاڑیوں کو اپنے نام پر کلہاڑی چل جانے کا خوف شدت سے ستارہا ہے، ان میں روہت شرما بھی شامل ہیں مگر انھیں اس بات کی بھی امید ہے کہ اس بار بھی کپتان ویرات کوہلی ان کی مدد کو سامنے آسکتیور سلیکٹرز سے انھیں مزید موقع دینے کی درخواست کرسکتے ہیں۔روہت کوون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے مگر وہ اپنے 18 ٹیسٹ میچز کے کیریئر میں مشکلات سے دوچار دکھائی دیتے ہیں جبکہ طویل طرز میں بھی انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2013 میں یکے بعد دیگر سنچریاں اسکور کرکے انٹری دی تھی۔ پرفارمنس میں عدم تسلسل کی وجہ سے وہ حتمی الیون میں ان آؤٹ ہوتے رہے ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی انھیں چار میں سے صرف دو میچز میں کھیلنے کا موقع ملا، تیسرے ٹیسٹ میں انھوں نے 9 اور 41 رنز اسکور کیے۔ 29 سالہ روہت کا ٹیسٹ مستقبل اب سلیکٹرزکے ہاتھوں میں ہے، وہ گریٹر نوئیڈا میں جاری دلیپ ٹرافی فائنل کی پہلی اننگز میں بھی صرف 30 رنز اسکورکرپائے تھے۔