اسلام آباد(یس اردو نیوز) پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کے دواہلکار لاپتا ہوگئے ہیں۔ بھارت کے سفارتی ذرائع کی طرف سے بھی اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے مذکورہ اہلکاروں کی گمشدگی کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کے وزارتِ خارجہ کے ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھایا ہے لیکن پاکستان میں وزارت خارجہ کے ذرائع سے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی وزارت خارجہ کی طرف سے اس دعوے کے بارے میں تاحال کوئی بیان سامنے آیا ہے۔ بھارت کی وزارتِ خارجہ یا اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے بھی مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے اہلکاروں سے متعلق اب تک باضابطہ طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ بھارتی میڈیا میں بھارت کے سفارتی ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں تعینات بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی ایس ایف) کے دو اہلکار پیر کی صبح ایک گاڑی میں اپنے کام کے سلسلے میں ہائی کمیشن کی عمارت سے نکلے تھے لیکن جس مقام پر اُنہیں پہنچنا تھا وہاں وہ نہیں پہنچ سکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت نے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن میں کام کرنے والے دو اہلکاروں پر جاسوسی کا الزام عائد کیا تھا اور مبینہ طور پر انہیں حراست میں لے کر ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک سے بے دخل کر دیا تھا۔
پاکستان نے بھارت کے الزمات کو مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی تھی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو غلط اور بے بنیاد الزامات پر حراست میں لیا تھا۔
یہ معاملہ ایک ایسے وقت سامنے آیا تھا جب پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں جس کے اثرات دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات سے بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔