کراچی : حال ہی میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ میں پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال غلام فرید صابری قوال (مرحوم)کی مشہور قوالی ’’بھر دو جھولی‘‘ نے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا جس کے بعد ان کے صاحبزادے امجد صابری نے فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان اور فلم کے موسیقار کے خلاف مقدمہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جس پر بھارتی فلم انڈسٹری نے امجد صابری کے فیصلہ پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے،بھارتی ہدایتکاروں نے امجد صابری کو کسی بھی بھارتی فلم میں شامل کرنے اور ان کو کام نہ دینے پر بھی غور شروع کردیا ہے،بھارتی فلم ڈائریکٹر کبیر خان نے کہا کہ امجد صابری کا یہ بیان افسوناک ہے غلام فرید صابری(مرحوم) کو بھارت میں بہت عزت اور احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ان قوالی کو شامل کرنے کا مقصد ان کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔
اس پر تو امجد صابری کو خوش ہونا چاہیے تھا،امجد صابری قوال نے بات کرتے ہوئے بھارتی فلم ڈائریکٹرز کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ساتھ نا انصافی ہے کہ کسی بھی بھارتی فلم میں بغیر اجازت کے کوئی کلام شامل کیا جائے،مجھے بھارت جاکر کام کرنے کا کوئی شوق نہیں مجھے میرے ملک میں جو عزت اور شہرت ملی ہے وہ ہی کافی ہے مجھے بھارت جاکر کام کرنے سے کوئی خوشی نہیں ہوگی اور نہ کوئی فرق پڑے گا۔