سیالکوٹ (یس ڈیسک) زبان پر دوستی کا راگ لیکن دل میں دشمنی کی آگ بھارت کا جنگی جنون ہے کہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کے نواز شریف کو ٹیلی فون کے چوبیس گھنٹے گزرنے سے پہلے ہی نریندر مودی کی فورسز کرکٹ ڈپلومیسی کے ساتھ انسانیت اور عالمی قوانین بھی بھول گئیں۔ بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز نے کنٹرول لائن پر ایک بار پھر بلا اشتعال گولہ باری کی۔ دشمن کی جانب سے راولا کوٹ سیکٹر کی سرحدی آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
گولہ باری سے کھیتوں میں کام کرتا ساٹھ سالہ محمد اسلم جام شہادت نوش کر گیا۔ بلا اشتعال گولہ باری سے دیگر دیہات میں بھی شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں۔ شام کے وقت جنگی جنون میں مبتلا بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز نے ایک بار پھر سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کا چناب رینجرز نے بھرپور جواب دے کر دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں۔ رواں مہینے بھارت سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھی متعدد بار بلا اشتعال گولہ باری کر چکا ہے۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت اور اپنے عام شہری کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت اپنی فورسز کو سرحدی خلاف ورزیوں سے باز رکھے۔