لاہور: بھارتی حکومت نے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی اجازت دیدی۔
عمران خان نے وزارت عظمیٰ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے سابق کرکٹرز سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت دی تھی۔ سنیل گواسکر اور کپل دیو نے مصروفیت کے باعث آنے سے معذرت کر لی تاہم نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان آنے کی حامی بھری تھی اور بھارتی حکومت سے ویزے کی درخواست کی تھی جو منظور کر لی گئی۔ نوجوت سنگھ سدھو 17 اگست کو واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچیں گے اور عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔