نئی دہلی: پاکستان نے بھارت کا گرفتار کیاگیا پائلٹ جذبہ خیرسگالی کے طورپر واپس بھارت کے حوالے کردیا ہے تاہم بھارتی سرکار نے یوٹیوب کو درخواست دے کر اپنے اس پائلٹ کی 11ویڈیوز ڈیلیٹ کروادیں جس کی تصدیق بھارتی میڈیا نے بھی کردی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سرچ انجن گوگل کی ملکیت یوٹیوب نے جمعرات کو انڈین ایئرفورس کے پاکستان میں پکڑے گئے پائلٹ ابھی نندن کی 11 ویڈیوز ہٹا دیں جس کی درخواست بھارت کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کی تھی۔ آئی ٹی منسٹری کے حکام نے انڈوایشین نیوز سروس کو بتایا کہ ڈاگ فائٹ کے دوران مگ طیارہ گرنے اور پاکستان میں پکڑے جانیوالے ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمن سے جڑی 11 ویڈیوز ہٹانے کو کہا گیا تھا۔
دوسری طرف گوگل کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہم متعلقہ حکام کی طرف سے قانونی درخواستوں پر عمل کرتے ہیں جہاں تک ممکن ہوسکے ، ہم اپنی پالیسی پر قائم ہیں اور ایسا مواد ہٹانے کے لیے فوری کارروائی کرتے ہیں‘۔ ترجمان کامزید کہناتھاکہ حکومت کی درخواست پر گوگل سروس سے ہٹایا جانیوالا ڈیٹا ہماری ٹرانسپیئرنٹ رپورٹ میں وقت کے ساتھ ساتھ اپ ڈیٹ کردیاجاتاہے ۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راستپاکستان پر عائد کیا تھا۔ پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔ جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ ابھی نندن کے قبضے سے مختلف سامان بھی برآمد ہوا جس میں ایک پستول، گولیاں نقشے اور دیگر کاغذات شامل تھے۔