لاہور: پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے وہ دونوں ملکوں کے مابین کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے پرامید ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اجے بساریہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے شہری کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں۔ دونوں اطراف کے حالات ساز گار ہوتے ہی کرکٹ بھی بحال ہو جائے گی۔
اس سے قبل لاہور چیمبرآف کامرس کے دورے کے دوران بات کرتے ہوئے اجے بساریہ نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ہائیکمشنر کو ہراساں کرنے کے حوالے سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے، دونوں ممالک کو ٹرانزٹ اور روابط کو بہتر کرنا چاہئیے۔ اجے بساریہ نے کہا میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ حقیقت سے ہٹ کر رپورٹنگ کرنے سے مسائل بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا پانی کے مسئلے پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے مابین بھارت میں بات چیت ہو رہی ہے۔ دونوں ملکوں کی جیلوں میں قید سزائیں مکمل کرنے والے قیدیوں کو انسانی بنیادوں پررہا ہونا چاہیئے اوراس پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔
اس موقع پرلاہورچیمبر آف کامرس کے صدرطاہرجاوید ملک نے بھارتی ہائی کمشنرکو خوش آمدید کہا، پاکستانی تاجروں نے بھارتی ویزے کے حصول میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا، پاکستانی تاجروں نے تجویزدی کہ واہگہ بارڈرپر اسپیشل ایریا مختص ہونا چاہیے جہاں دونوں ملکوں کے تاجر ملاقات کرسکیں، بھارتی ہائی کمشنرکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین ویزا مسائل بھی جلد ہوجائیں گے۔