واراناسی: بھارتی شہر واراناسی میں ایک مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شمالی ریاست اترپردیش کے تاریخی اور مذہبی اہمیت کے حامل شہر واراناسی(بنارس) میں پیش آیا جہاں ایک مذہبی رسم کی ادائیگی کے لیئےلوگوں کی ایک بڑی تعداد دریائے گنگا کے کنارے موجود تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے وقت ہمیشہ کی طرح گنگا کے کنارے ہزاروں افراد موجود تھے کہ گرم موسم اور حبس کی وجہ سے وہاں بھگدڑ مچ گئی جس میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جو کہ واراناسی سے ہی رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے حکام کو متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں مذہبی اجتماعات میں بھگدڑ سے ہونے والی ہلاکتیں معمول کا حصہ بنچکی ہیں اور ہر سال سینکڑوں لوگ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران نامناسب انتظامات اورانتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔