سیالکوٹ: بھارتی فورسز کی جانب سے آج ایک بار پھر ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہو گئے تاہم پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اورورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں اوربھارتی فورسز نے آج ایک بارپھرجارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورکنگ باؤنڈری پر ہرپال، چپراڑ، پکھلیاں اور شکر گڑھ سکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ سیالکوٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چناب رینجرزکی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپورجواب دیا گیا اوربھارتی چوکیوں کوموثرطورپرنشانہ بنایا گیا جب کہ ترجمان پاک فوج نے وادی نیلم میں کسی پاکستانی چوکی کی تباہی کا بھارتی دعوی غلط قراردیا ہے۔
واضح رہے کہ ورکنگ باؤنڈری اورلائن آف کنٹرول پربھارتی فورسزکی بلا اشتعال فائرنگ کاسلسلہ 21 اکتوبرسے مسلسل جاری ہے جس میں اب تک 10 شہری شہید اورمتعدد زخمی ہوچکےہیں۔