بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جارحیت سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کرنے کی صورت میں جاری ہیں۔
رواں سال اب تک لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر 1300سے زائد خلاف ورزیوں میں30سے زائد شہری شہید ہو چکے ہیں۔
سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر کے گاؤں کھنور میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بھارتی جارحیت کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ اس خاندان کے دو افراد شدید زخمی ہیں۔
بھارتی مارٹر گولے نے گھر کا سارا سامان جلا ڈالا، زندہ بچ جانے والے مسلسل خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔
بھارت کی سیکیورٹی فورسز پاکستان اوربھارت کے درمیان 191 کلومیٹر پر محیط ورکنگ باؤنڈری کی گزشتہ سال کےدوران مسلسل خلاف ورزیاں کررہی ہے۔
ا ن دنوں سحری و افطاری کے اوقات میں بھی ہڑپال چار واہ شکر گڑھ چپراڑ اور اکھنور سیکٹرز میں واقع سویلین آبادی پر بھارتی فورسز وقفے وقفے سے گولہ باری کی جاتی ہے، اس گولہ باری کے باعث اسکول بھی بند ہوچکا۔
رواں سال کے پہلے 5ماہ کے دوران بھارتی سیکیورٹی فورسز ایک ہزار تین سو بار ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیاں کرچکی ہیں جن میں 30 سے زائد شہری جان سے جاچکے ہیں،شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے اوربھارت عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔