سڈنی (جیوڈیسک) سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔ بھارت کی پوری ٹیم 329 رنز کے تعاقب میں 233 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بھارت کی جانب سے صرف کپتان مہندر سنگھ دھونی سب سے زیادہ 65 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ روہت شرما نے 34، شکھر دھون 45 جبکہ رہانے صرف 44 رنز ہی بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بھارتی کھلاڑی اپنی ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے فولکنر نے 3، مچل سٹارک اور جانسن نے 2، 2 جبکہ ہیزل ووڈ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔ کینگروز کی جانب سے سٹیون سمتھ 105 کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ ایرون فنچ نے بھی 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے یادوو نے 4، شرما نے 2 جبکہ اشوین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ فائنل میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا.