اسلام آباد: ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی بھارتی چال ناکام بنا دی گئی، ملائیشیا، چین اور ترکی کی حمایت کے باعث اب ایف اے ٹی ایف پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل نہیں کر سکتا۔ تفصیلات کے مطابق دوست اسلامی ملک ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی خصوصی مہربانی کے باعث پاکستان کیخلاف بھارت کی بڑی چال ناکام بنا دی گئی۔ ملائیشیا کی بروقت حمایت کے باعث ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی بھارتی چال ناکام بنا دی گئی ہے۔ تین دوست و برادر ممالک جن میں ملائیشیا، چین اور ترکی شامل ہیں کی حمایت کے باعث اب ایف اے ٹی ایف پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل نہیں کر سکتا۔ اس تازہ ترین پیشرفت کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کو فون کر کے پاکستان کی حمایت کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں اب پاکستان کو بلیک لسٹ کرنا ممکن نہیں۔ چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ایسا وزیر اعظم عمران خان کی بہترین سفارتی مہارت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ گورنر پنجاب نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ ملائیشیا نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کا سہرا وزیر اعظم کی مثالی سفارتکاری کے سر ہے، ملائیشیا کا ساتھ دشمنوں کے لیے بڑا دھچکا ہے۔