ہندوستان کی ایک عدالت میں ان دنوں ایک دلچسپ مقدمہ زیر سماعت ہے جس میں ایک خاتون نے اپنے خاوند سے طلاق دلوانے کا مطالبہ کر
دیا ہے، جو اس کے مطابق رات کو ساڑھی پہن لیتا ہے اور میک اپ کر کے بھی سوتا ہے۔
بنگلور: ایک بھارتی خاتون نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ اس کا خاوند ساڑھی پہنتا اور میک اپ کرتا ہے، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ میری اس سے طلاق کروائی جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ میرے خاوند کو نہ صرف رات میں ساڑھی پہننا پسند ہے بلکہ وہ میک اپ کے علاوہ میری دوسری چیزیں بھی استعمال کرتا ہے۔ بنگلور کے علاقے اندرا نگر کی رہائشی اس 29 سالہ خاتون نے عدالت سے کہا کہ وہ جلد سے جلد اس درخواست پر اپنا فیصلہ سنائے۔ دوسری طرف خبریں ہیں کہ خاوند موصوف بھی طلاق دینے کو تیار ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے بتایا کہ دونوں کی گزشتہ سال ارینج میرج ہوئی تھی۔ تاہم شادی کی پہلی ہی رات اس کے خاوند نے خواتین کی طرح برتاؤ کرنا شروع کر دیا تھا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ دن کے اوقات میں اس کا خاوند بالکل نارمل برتاؤ کرتا ہے لیکن جیسے ہی رات ہوتی ہے اس کے عورتوں والے لچھن شروع ہو جاتے ہیں۔