اسلام آباد……پاکستانی حکومت نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کے لئے اپنی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دیدی ہے، پاکستانی ٹیم آج رات یا کل تک بھارت روانہ ہوجائیگی۔
اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کے بعد پی سی بی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نےپاکستانی ٹیم کودرکارسیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی ہے جس کے بعد چودھری نثار نے پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دیدی ۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ چودھری نثار سے ملاقات کے دوران بھارت میں مقرر پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے فون کرکے بھارت کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی سے متعلق آگاہ کیا،پاکستانی کر کٹ ٹیم آج رات یا کل دبئی کے راستے بھارت جائے گی۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ بنگلورکی و زیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بھی پاک، بھارت میچ کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، پاکستان جو سیکیورٹی چاہتا تھا اس کی یقین دہانی کے بعد ہی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پی سی بی کو ٹیم بھارت بھیجنے کی اجازت دی ہے۔