بھارت : مودی نے جارحانہ عزائم جاری رکھتے ہوئے پاکستان کے احتجاج کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں متنازعہ کشن گنگا پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ پاکستان کشن گنگا ڈیم کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتا رہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کی پاور پلانٹ کے افتتاح کے لئے مقبوضہ وادی آمد پر بھرپور احتجاج کیا گیا اور مکمل ہڑتال رہی۔ دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز بند رہے۔ سری نگر میں مظاہرین نے مودی اور بھارت سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی، فضا گو مودی گو بیک کے نعروں سے گونجتی رہی۔ پولیس نے لال چوک کی جانب مارچ کرنے والے قائدین کو گرفتار کر لیا، بھارت کی پاکستان کے خلاف آبی جارحیت پر حریت رہنمامیر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی پالیسیاں کشمیر میں انتشار کا باعث ہیں۔