مظفر آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی آواز جبر سےدبانا بھارت کا ناکام ایجنڈا ہے۔
مظفرآباد میں آزاد کشمیر کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر لکھا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ عوام کی مرضی سے ہوگا لیکن بھارت اقوام متحدہ میں کئے اپنے وعدوں سے مکر گیا، کشمیریوں کی آواز جبر سےدبانا بھارت کا ناکام ایجنڈا ہے، کشمیریوں نے ہر قسم کی قربانیاں دے کر ثابت کردیا ان کا راستہ نہیں روکا جاسکتا، کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی، بھارت کو بین الاقوامی قوانین کے آگے جھکنا پڑے گا اور فتح بالآخر کشمیریوں کی ہی ہوگی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے حریت کانفرنس کے نمائندوں کی ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود ، کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،وزیر خارجہ خواجہ آصف، وفاقی وزیر برجیس طاہر، غلام محمد صفی،فیض نقشبندی، محمود ساگر، اشتیاق حمید،شمیم شال اور اعجاز لون موجود تھے۔ حریت رہنماوٴں نے وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آزادکشمیر آئے ہیں، پاکستان پہلے بھی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا رہا اور آج بھی کھڑا ہے، حکومت اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بھارتی فوج کے ظلم اور جبر کی شدید مذمت کی گئی، وفاقی کابینہ نے 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھے گا، سفارتی مشنز سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے متحرک ہیں۔