نئی دہلی(نیوز ڈیسک ) بھارت نے بحری جہاز تیار کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں سے جنگی جہاز خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق بھارت کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے دنیا کی سات بڑی کمپنیوں سے چھے جنگی بحری جہازوں اورمتعدد جنگی کشتیوں کی فراہمی کے لیے ٹنیڈرز طلب کیے ہیں۔ بھارت کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے دو ارب بیس کروڑ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ادھراکنامک ٹائمز کا کہنا ہے کہ حکومت ہند چاہتی ہے کہ یہ جنگی بحری جہاز بھارتی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے اشتراک سے تیار کیے جائیں۔قابل ذکر ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی خطرات اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے ڈھائی سو ارب ڈالر کا بجٹ مختص کیا ہے۔ بھارتی بحریہ سن دوہزار ستائیس تک اپنے پاس موجود جنگی جہازوں کی تعداد دو سو تک پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس وقت بھارتی بحریہ کے پاس ایک سوچالیس جھوٹے بڑے جنگی بحری جہاز موجود ہیں۔ دوسری جانب بھارت کے وزیر خارجہ نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں ایران کے ساتھ تجارت بند کرنے کے سلسلے میں امریکی دباؤ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایران اور بھارت کے تعلقات، کسی تیسرے ملک کی بنا پر ہرگز متاثر نہیں ہوں گے اور بھارت ایران کے ساتھ تجارت بھی بند نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ امریکہ نے ایٹمی معاہدے سے باہر نکلنے کے بعد ایران کے ساتھ تجارت بند کرنے کے سلسلے میں دنیا کے مختلف ملکوں پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی بھی دی ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت و تعاون کرنے والے ملکوں کے خلاف پابندی عائد کر دی جائے گی۔