کراچی: احتساب عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی و دیگر کے خلاف کرپشن کی فرد جرم عائد کردی ہے۔
کراچی کی احتساب عدالت میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی اور سابق اے آئی جی فدا حسین شاہ سمیت 8 افسران کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے غلام حیدر جمالی اور و دیگر پر فرد جرم عائد کرکے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا اور کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔ سابق آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی اور دیگر ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے جب کہ ملزمان کے خلاف سپریم کورٹ کی ہدایت پر تحقیقات کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔دوسری جانب احتساب عدالت میں سندھ پولیس کے 2 افسران تنویر احمد طاہر اور فدا حسین شاہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ جیل پولیس نے دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں بیان دیا کہ سید فدا حسین اور تنویر احمد پر 5 کروڑ کی کرپشن کا الزام ہے۔ رقم سی این جی اسٹیشن کے نام پر جاری کی گئی تاہم پولیس کو پیٹرول نہ ملا اور چیک حاصل کر کے ہیڈ کانسٹیبل محمد رفیق کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرا دی گئی۔ دونوں ملزمان کی ضمانت سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے مسترد ہو چکی ہے۔ ملزمان کے وکلا نے عدالت سے مہلت طلب کی، عدالت نے وکلا کو مہلت دیتے ہوئے ریفرنس کے مزید گواہوں کو طلب کر لیا جب کہ کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔