اسلام آباد(یس اردو نیوز) انڈونیشیا نے کورونا وائرس کے باعث اپنے شہریوں کے لیے رواں برس حج پروگرام منسوخ کرنے فیصلہ کرلیا اور اس کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا۔ انڈونیشیا دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہے اور اس کے کم از کم 2 لاکھ 31 ہزار شہری حج کے لیے رجسٹرڈ کرواتے ہیں جو کسی بھی ملک کی جانب سے سب سے بڑی نمائندگی ہے۔عرب خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک انڈونیشیا کے وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے باعث کیا گیا ہے۔ انڈونیشیاکی ویب سائٹ جکارتہ گلوب نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حکومت نے رواں برس اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کافیصلہ کیاہے جس کے نتیجےمیں برسوں سے مذہبی فریضے کے منتظر مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
وزیر مذہبی امور فچوری راضی کا کہنا تھا کہ ‘سعودی عرب نے اب تک کسی بھی ملک کو حج سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 2020 کا حج کا سفر منسوخ کیا جائے، ہمارے لیے یہ فیصلہ کرنا انتہائی مشکل تھا اور ہم جانتےہیں کہ کئی شہری دلبرداشتہ ہوں گے’۔ اس سے قبل انڈونیشیا کی حکومت نے کہا تھا کہ اگر سعودی عرب نے 20 مئی تک کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا تو ہم اپنا سفر منسوخ کریں گے۔ بعد ازاں 20 مئی کو انڈونیشیا کی حکومت نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر حج کی اجازت دینے سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کریں۔ انڈونیشیا کی وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں رمضان المبارک کے ختم ہونے سے قبل فیصلہ ہونا چاہیے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور اومان فتح الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ‘ہم امید کرتے ہیں کہ حج ہونے یا منسوخ ہونے سے متعلق باضابطہ فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا’۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا نے سعودی سفری حکام کے ساتھ رہائش، نقل و حرکت اور دیگر معاہدوں کو روک لیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ابھی تک وزارت مذہبی امور نے کوئی معاہدے پر دستخط یا سعودی عرب میں حج سروسز کے لیے بیعانہ ادا نہیں کیا۔ دوسری جانب سعودی حکومت نے حج سے متعلق تیاری نہ کرنے کی درخواست کی تھی لیکن کوئی واضح فصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
حج سعودی عرب کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے تاہم سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث خانہ کعبہ سمیت دیگر مقدس مقامات کو گزشتہ کئی ماہ سے عام لوگوں کے لیے بند کردیا تھا لیکن گزشتہ ہفتے کچھ نرمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس دنیا بھر سے تقریباً 25 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔