لاہور : انٹرنیشنل ٹینس اسٹار اعصام الحق نے ڈیوس کپ ٹائی میں انڈونیشیا کیخلاف فتح پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ٹیم کو اس کے اپنے ہی ملک میں شکست دینا آسان نہیں ہوتا لیکن سخت مشکلات کے باوجود قومی اسکواڈ نے ایسا کر دکھایا جو قابل فخر بات ہے۔
انہوں نے عقیل خان کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں محمد عابد علی اکبر اور سمیر افتخار کی بھی بھرپور تعریف کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ میں انجری کی وجہ سے ٹیم کی نمائندگی نہ کرنے پر سخت افسردہ تھا لیکن ٹیم کی فتح نے خوش کردیا ہے، اس دوران ہمیں دو بہترین نوجوان کھلاڑی بھی مل گئے۔
محمد عابدعلی اکبر اور سمیر افتخار مستقبل میں پاکستان کو کئی فتوحات سے ہمکنار کریں گے اعصام نے کہا کہ اب ہم گروپ ون میں کوالیفائی کرنے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں، فلپائن یا تائیوان کیخلاف گروپ ٹو فائنل ٹائی کیلئے ہمیں آئی ٹی ایف کو میزبانی کیلئے قائل کرنا ہو گا۔
اگر ایسا ممکن ہوا تو پھر کئی سال بعد پاکستان کے نہ صرف گروپ ون میں رسائی کے امکانات بڑھ جائیں گے بلکہ ملک میں انٹرنیشنل ٹینس کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی کورٹس پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھ کر نوجوان کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی جو ملکی ٹینس کیلئے انتہائی اہم ہے۔