ریاض: ماریہ مرگینی محمد ہفتے کے روز سعودی عرب پہنچیں ، حکام کی جانب سے حج کے بہترین اقدامات پر خراج تحسین
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے انڈونیشیا کی 104 سالہ معمر ترین خاتون ہفتے کے روز سعودی عرب پہنچ گئیں۔ جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے کے ذریعے مملکت میں داخل ہونے والی خاتون کا نام ماریہ مرگینی محمد ہے۔ مذکورہ خاتون کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر وزارت ثقافت کی حج میڈیا کمیٹی کے آپریشن روم کے ڈائریکٹر عبدالخالق الزہرانی ، جدہ میں انڈونیشی قونصل جنرل محمد شریف دین ، انڈونیشی حج مشن کے سربراہ ارشد ہدیا اور حجاج کرام کی خدمت کے متعلقہ اداروں کے متعدد نمائندے بھی موجود تھے۔
انڈونیشی عازمہ حج ماریا مرگینی محمد نے حجاز مقدس پہنچنے کے بعد حکام کی جانب سے عازمین حج کی آسانی کے لیے کیے جانے والے تیز ترین اقدامات پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ انڈونیشی خاتون اور ان کے ہمراہ آنے والے گروپ نے اللہ رب العزت کے حضور دعا فرمائی کہ حجاج کرام کی خدمت کے سلسلے میں مملکت سعودی عرب کی تمام تر خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور حجاج کی خدمت میں شریک ہر فرد کو اس کی انتھک کوششوں کا بہترین بدلہ عطا فرمائے۔