واشنگٹن: وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان تعلقات بہترہوں گے جب کہ سیپیک کے تحت چین کے ساتھ صنعتوں کی منتقلی کے منصوبے پربھی کام کررہے ہیں۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستان کی ابھرتی معیشت سے متعلق فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مثبت مالی پالیسیوں کے باعث پاکستان نے مائیکرو اکنامک سیکٹر میں ترقی کی ہے، سرمایہ کاری سے ملک میں انرجی کی صورتحال مستحکم ہوئی ہے، انڈسٹریل زون قائم کر رہے ہیں جس سے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے، سی پیک کے تحت چین کے ساتھ صنعتوں کی منتقلی کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات بہترہوں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ پرقابو پانے کے لئے حکومت کی جانب سے مختلف توانائی کے منصوبے شروع کئے گئے، قبائلی علاقوں سمیت ملک کے دیگر حصوں میں آپریشنز سے سیکورٹی کی صورتحال کافی بہترہوئی ہے اورحکومت کی جانب سے تعلیم کو فروغ دینے، خواتین کو بااختیار بنانے، صحت کی سہولیات اور پاکستان میں غربت کو کم کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔