کویت: عدالت نے 3 سالہ بیٹی کا قتل ثابت ہونے پر والدین کو سزائے موت سنادی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت کی عدالت نے 3 سالہ بیٹی پر تشدد کرکے اسے موت کے گھاٹ اتارنے کے جرم میں ماں اور باپ دونوں کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 26 سالہ سلیم بوہان اور اس کی بیوی 23 سالہ عامرہ حسین پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی جب کہ قاتل والدین نے بچی کی لاش کو فریزر میں چھپا دیا۔پولیس نے ایک ہفتے بعد بچی کی لاش برآمد کرکے ماں باپ کو گرفتار کیا جب کہ دوران تفتیش والدین نے بچی کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔ کویت کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ بیٹی کے قاتل والدین منشیات کے عادی ہیں اور مقامی قانون کے مطابق وہ اپنی سزا کے خلاف اعلیٰ عدالتوں میں اپیل بھی کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ کویت میں سزائے موت کے مجرموں کوعام طور پر پھانسی دی جاتی ہے تاہم 2013 میں 5 مجرموں کو سزا دینے کے بعد اب تک کسی بھی مجرم کی سزا پر عمل نہیں کیا گیا اور ملک کی جیل میں درجنوں مرد اور خواتین سزاؤں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔