اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے حکومت میں آنے سے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں انتظامی تبدیلی کی قیاس آرائیوں کی گونج روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور اب نجم سیٹھی کے بعد آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کو پی سی بی کا سربراہ مقرر کرنے کی اطلاعات ہیں۔
آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کا کہنا تھا کہ میں اس وقت مری کے قریب ڈونگا گلی میں ہوں جہاں ٹی وی نہیں آتا اور اخبار ایک دن بعد آتا ہے،عمران خان کے لوگ مجھ سے رابطے میں رہتے ہیں اس لیے کہ میں گزشتہ چھ سات برسوں سے شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ہوں اور گلیات اتھارٹی میں بھی مجھے ذمے داری دی گئی ہے۔ اس وقت عمران خان کے لیے کرکٹ اہم نہیں ہے وہ حکومت سازی میں مصروف ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو پتہ ہے کہ مجھ سے کس طرح رابطہ کرنا ہے، میری عام انتخابات کے بعد ابھی تک عمران خان سے بات نہیں ہوئی ہے اگر انہوں نے کرکٹ کے حوالے مجھے سے رابطہ کیا اور رائے مانگی تو میں اپنی دستیابی اور رائے سے انہیں آگاہ کردوں گا لیکن ابھی تک عمران خان یا ان کے کسی مشیر نے مجھ سے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف پی ایس ایل کے آڈٹ کو بنیاد بنا کر نجم سیٹھی کو گھر بھیجنے کی تیاری میں ہے لیکن ابھی تک پارٹی کوئی پالیسی بیان نہیں دے رہی ہے اور نجم سیٹھی نے بھی خاموشی اختیار کررکھی ہے اور وہ اگلے ہفتے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔